عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی کا سنجے سنگھ کی گرفتاری پر شدید ردعمل
نئی دہلی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ سنجے سنگھ وزیر اعظم نریندر مودی کی بدعنوانی کے خلاف ملک کی سب سے بلند آواز ہیں اور اسی لئے وزیراعظم سے یہ برداشت نہیں ہورہا ہے۔ مسٹر سنگھ کی گرفتاری کے بعد مسٹر کیجریوال اپنی اہلیہ سنیتا کیجریوال کے ساتھ رات دیر گئے مسٹر سنجے سنگھ کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو یہ غلط فہمی ہے کہ ان گرفتاریوں سے ہم ڈر جائیں گے اور جھک جائیں گے۔ ہم ان سے ڈرنے والے لوگ نہیں ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مسٹر سنگھ کے پورے گھر کی تلاشی لی، لیکن کچھ نہیں ملا۔ اس کے بعد بھی انہیں گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے مسٹر سنگھ کے اہل خانہ سے کچھ دیر بات کی اور یقین دلایا کہ پوری پارٹی ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر آج ہم ان لوگوں کی طرح بے ایمان ہو جائیں تو تمام مسائل ختم ہو جائیں گے۔ لیکن ہماری پارٹی ایماندار ہے اور اسی وجہ سے یہ سارے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ان لوگوں کا ہماری ایمانداری کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ انہوں نے ہمیں بدنام کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے انہوں نے نام نہاد شراب گھپلے پر ایک نیا نعرہ لگانا شروع کیا ہے۔ انہوں نے اس شراب گھپلے پر ایک ہزار سے زیادہ جگہوں پر چھاپے مارے ہیں۔ معلوم نہیں کتنے لوگ گرفتار ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ 100 کروڑ کا گھوٹالہ ہے، لیکن اتنے چھاپے مارنے کے بعد بھی انہیں ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔ انہیں کہیں سے کوئی پیسہ نہیں ملا۔
مسٹرکیجریوال نے کہا کہ مسٹر سنگھ وزیر اعظم نریندر مودی کی بدعنوانی کے خلاف اس ملک کی سب سے بلند آواز ہیں۔ مسٹر مودی سر سے پاؤں تک بدعنوانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آزاد ہندوستان کا سب سے کرپٹ وزیر اعظم اگر کوئی ہے تو وہ مسٹر مودی ہیں۔ کل جب ان کی حکومت اقتدار میں نہیں رہے گی اور ان کے کارناموں کی چھان بین ہو گی تو پتہ چلے گا کہ وہ کتنی بدعنوانی میں ملوث ہیں ۔ پہلے مسٹر سنگھ کو پارلیمنٹ سے معطل کیا گیا اور آج انہیں مکمل طور پر غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے قیام کے بعد سے مسٹر مودی بوکھلا گئے ہیں ۔ انہیں لگتا ہے کہ اگر یہ اتحاد کامیاب ہو جاتا ہے، جو کہ کامیاب ہوگا ، تو مسٹر مودی بری طرح ہارنے والے ہیں۔ یہ بھی اسی گھبراہٹ کا نتیجہ ہے کہ آج سنجے سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 2024 کے انتخابات تک بہت سے لوگ گرفتار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنجے سنگھ شیر ہے، ڈرنے والا نہیں۔