پھگواڑہ (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کی ووٹنگ سے ٹھیک ایک دن پہلے جمعہ کو پھگواڑہ میں اس وقت کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی جب وشو ہندو پریشد، بجرنگ دل، شری رام سینا، شیو سینا وغیرہ سمیت مختلف ہندو تنظیموں کے کئی ارکان نے اے اے پی کے ہلکا انچارج اور سابق وزیر جوگندر سنگھ مان کے شری رام کے بارے میں مبینہ توہین آمیز ریمارکس کے خلاف کارکنوں نے شری ہنومان گڑھی، ایس ڈی ایم آفس کمپلیکس اور ڈی ایس پی آفس کمپلیکس میں اپنا احتجاج درج کرایا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
شری ہنومان گڑھی پھگواڑہ میں منعقدہ ہندو تنظیموں کی مشترکہ میٹنگ کے بعد مشتعل ہندو نوجوانوں نے مان کے خلاف نعرے لگائے اور ایس ڈی ایم آفس گئے اور ایس ڈی ایم کم اے آر او جشن جیت سنگھ کو مان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 295 اے، 153 اے کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی تحریری شکایت کی۔یس ڈی ایم کی غیر موجودگی میں تحصیلدار جسوندر سنگھ مظاہرین سے ملنے پہنچے جنہوں نے انہیں ایک تحریری شکایت سونپی۔
ایس ڈی ایم جشن جیت سنگھ نے جمعہ کی شام نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے شکایت کی ایک کاپی پھگواڑہ کے ایس پی روپندر کور بھٹی کو مزید کارروائی کے لیے بھیج دی ہے۔ بعد ازاں ہندو تنظیموں کے ایک وفد نے ایس پی بھٹی اور ڈی ایس پی جسپریت سنگھ سے ملاقات کی جنہوں نے جلد قانون کے مطابق ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثنا، پھگواڑہ کے ایم ایل اے بلوندر سنگھ دھالیوال نے اس گھناؤنے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے، اے اے پی لیڈر جوگندر سنگھ مان کے بھگوان رام کے بارے میں کیے گئے مبینہ توہین آمیز ریمارکس کی سخت مذمت کی اور الیکشن کمیشن پنجاب سے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے بی جے پی کے سینئر لیڈروں کی پراسرار خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا۔