نئی دہلی:(پریس ریلیز): دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جہاں گذشتہ22مئی2023 سے عازمین حج کی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، آج دن کے ڈیڑھ بجے سعویہ ایئر لائن کی چوتیسوی پرواز سے حج بیت اللہ کے لیے جانے والی 101بغیر محرم خواتین عازمین حج کی روانگی ہوئی۔ اس موقع پرمحترمہ میناکشی لیکھی، وزیر مملکت برائے وزارت امور خارجہ، حکومت ہند،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی اور اسٹاف نے ان تمام خواتین کو مدینہ منورہ کے لیے روانہ کیا۔ محترمہ میناکشی لیکھی اور محترمہ کوثر جہاں نے بغیر محرم خواتین عازمین حج سے ملاقات کرانہیں مبارکباد دی اور ان کے لیے اپنی نیک تمناﺅں کااظہار کیا کہ وہ پوری خیریت اور صحت وسلامتی کے ساتھ حج کی ادائیگی کرکے اپنے ملک عزیز کو واپس آئیں اور دوران حج ملک کی خوشحالی اور امن و سلامتی کی دعاءکریں۔انہوں نے خواتین عازمین کومخاطب کرتے ہوئے اظہار خیال کیاکہ خواتین کو بغیر محترم حج پر بھیجا وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کا حج سے متعلق ایک قابل ستائش فیصلہ ہے اور سماج میں عورتوں کو بااختیار بنانے کے لیے کی جاری کوششوں میں ایک اہم ترین قدم ہے۔
حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کی ذاتی کوششوں سے ایئر پورٹ پر بغیر محرم خواتین عازمین کی سہولیات کے لیے علاحدہ چیکنگ کائنٹر، امیگریشن کاﺅنٹر اور الگ فرسکینگ کاﺅنٹرکا انتظام بھی کروایاگیا۔
واضح ہوکہ آج سفر حج کے لیے مدینہ روانہ ہونے والی101بغیر محرم خواتین میں سے ریاست دہلی سے 37، اتر پردیش سے39،اترا کھنڈسے11،بہارسے06، ہریانہ سے03،جموں کشمیرسے04اورمدھیہ پردیش سے01 خواتین شامل ہیں۔ اسی کے ساتھ دہلی سے اب تک چونتیس پروازوں کے ذریعہ کل11775عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جس میں مردعازمین کی تعداد6206جبکہ خواتین کی تعداد5569 ہیں۔ حج پروازوں کا یہ سلسلہ نہایت حسن انتظام اور نظم و ضبط کے ساتھ چل رہا ہے اور آئندہ 06جون تک جاری رہے گا۔