تبلیسی (یواین آئی) جارجیا کے ایک شہر میں 12 ہندوستانیوں کی موت کی سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانہ ان کی لاشوں کو وطن واپس لانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ہندوستانی سفارت خانہ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا، "گڈاؤری، جارجیا میں گیارہ ہندوستانی شہریوں کی موت کی خبر جان کر ہم غمگین ہیں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ لاشیں جلد ہندوستان واپس لائی جاسکیں ۔ ہم سوگوار خاندانوں سے رابطے میں ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”
ذرائع کے مطابق وہ (12 ہندوستانی شہری) جارجیا کے گڈاؤری میں ایک ہندوستانی ریسٹورنٹ ‘ہویلی’ کے ملازمین تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ ان کی موت کاربن مونو آکسائیڈ سے دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اس واقعے کے وقت کی تفصیلات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں۔ مقامی حکام تحقیقات کر رہے ہیں اور سفارت خانہ کا ایک افسر بھی موقع پر موجود ہے۔