احمد آباد، 26 مارچ (یو این آئی) گجرات میں دھولیٹی تہوار کے بعد مختلف مقامات پر ندیوں، تالابوں اور نہروں میں نہانے گئے 20 لوگوں میں سے 13 لوگوں کی ڈوب جانے سے موت ہو گئی۔پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے منگل کو بتایا کہ دھلیٹی کھیلنے کے بعد پیر کو گاندھی نگر ضلع کے امبوڈ کے نزدیک سابرمتی ندی میں نہانے گئے تین لوگوں میں سے ایک بچے کی لاش کل شام اورایک دیگر کی لاش منگل کی صبح باہر نکالی گئی۔ دوسرے واقعے میں ضلع گاندھی نگر کے علاقے سانتیز میں نہر میں نہانے گئے پانچ میں سے تین کو بچا لیا گیا۔ ایک کی لاش گزشتہ روز پانی سے نکال لی گئی تھی جبکہ دوسرے کی تلاش نہر میں جاری ہے۔ بناسکانٹھا ضلع میں دریا میں نہانے گئے دو لوگوں کی ڈوب جانے سے موت ہو گئی۔ کھیڑا ضلع کے وڈتال میں تالاب میں ڈوب جانے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ آنند ضلع میں سامرکھا کے نزدئک نہر میں ڈوب کر ایک شخص کی موت ہو گئی۔ مہی ساگر ضلع کے تالاب میں نہانے گئے ایک شخص اور ضلع بھاو نگر میں ایک چیک ڈیم میں نہانے گئے تین افراد کی ڈوب جانے سے موت ہوگئی۔پولیس نے معاملہ درج کر کے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔