سری نگر(یو این آئی)صدر ہند دروپدی مرمو کے سری نگر دورے کے پیش نظر جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کے روز سیکورٹی منظر نامے کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔اطلاعات کے مطابق پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سری نگر میں پولیس، فوج ، سی آر پی ایف اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی ۔معلوم ہوا ہے کہ صدر ہند دروپدی مرموکی سری نگر آمد کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ کو سیکورٹی انتظامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔دلباغ سنگھ نے آفیسران پر زور دیا کہ صدر ہند کے دورے کے پیش نظر مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ دورے کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی چوکسی کو مزید بڑھایا جائے جبکہ سماج دشمن عناصر کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھنے کی خاطر شہر بھر میں ناکوں کا جال بچھایا جائے ۔انہوں نے سری نگر کے حدود میں آنے والی گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ مشکوک عناصر کی سرگرمیوں پر نظر گزر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات میں شامل ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے ایک جامع مواصلاتی نیٹ ورک ناگزیر ہے۔ میٹنگ میں شریک افسران نے ڈی جی پی کو وی وی آئی پی کے دورے کے سلسلے میں کیے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔بتادیں کہ صدر ہند دروپدی مرمو 11اکتوبر کو سری نگر وارد ہو رہی ہیں جس دوران وہ کشمیر یونیورسٹی میں 20ویں کنونشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرئے گی۔