تل ابیب، 9 اکتوبر (یو این آئی)فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے تین اسرائیلی شہروں میں راکٹ حملوں کے بعد صیہونی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔ترک میڈیا کے مطابق حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد صیہونی فوج کے میزائل اسٹاک میں کمی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ترک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج آئرن ڈوم سسٹم سے لیس کچھ یونٹوں کو گولہ بارود فراہم نہیں کر رہی، اسرائیلی فوج کے پاس گائیڈڈ اینٹی ائیر کرافٹ میزائل بھی محدود تعداد میں ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ سے قریب اشکلون، اشدد، سدیرات شہروں پر حماس کے راکٹ حملوں کا جواب نہ دے سکی۔
یاد رہے کہ ہفتے کی صبح حماس نے غزہ سے اسرائیل پر اس قدر اچانک حملے کیے کہ جدید ترین دفاعی نظام رکھنے والی صیہونی فورسز کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔
حماس کی جانب سے زمین، فضا اور سمندر کے ذریعے اسرائیل پر ہزاروں کی تعداد میں راکٹ برسائے گئے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 50 فوجیوں سمیت 700 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کے ساتھ 6 مقامات پر جھڑپیں جاری ہیں۔اسرائیل کی جانب سے بھی غزہ اور مقبوضہ فلسطین کے دیگر علاقوں میں گزشتہ روز سے شدید بمباری جاری ہے اور اب تک 400 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 2300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔