حیدرآباد(یواین آئی)کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اس ماہ کی 25تاریخ کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ انتخابی مہم چلائیں گے۔ذرائع کے مطابق راہل گاندھی تین اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم چلائیں گے۔مہاراشٹرکے ناندیڑ سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نظام آباد ضلع کے بودھن پہنچیں گے جہاں وہ کانگریس کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔بعد ازاں دو بجے دوپہر راہل گاندھی عادل آباد ضلع روانہ ہوں گے۔وہ اس ضلع میں بھی انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے اور پھر عادل آباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ویمل واڑہ روانہ ہوں گے شام میں وہ وہاں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے جس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے۔ بڑی جماعتوں کے قائدین بتدریج حیدرآباد پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں 25 تاریخ کو ایک عظیم جلسہ عام کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جارہے ہیں جس میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو شرکت کریں گے۔ اس ماہ کی 25 تاریخ کو بی جے پی کی جانب سے وزیر اعظم اور بی آر ایس کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی انتخابی مہم حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ جلسوں سے خطاب کریں گے۔ انتخابی مہم کااختتام اس مہینے کی 28 تاریخ کوہوگا۔