سورت (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو گجرات میں دنیا کے سب سے بڑے کارپوریٹ آفس ہب ‘سورت ڈائمنڈ بورس’ (ایس ڈی بی) کا افتتاح کیا۔ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) اور سماجی، کاروباری اور تعلیمی بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے ساتھ پرجوش ‘سورت ڈریم سٹی’ کے ایک حصے کے طور پر ڈائمنڈ بورس 35.54 ایکڑ کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ تقریباً 3400 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیے گئے دنیا کے سب سے بڑے کارپوریٹ آفس ہب کے افتتاح کے موقع پر ریاست کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور مرکزی اور ریاستی وزراء، ڈائمنڈ بورس کے چیئرمین ولبھ بھائی لاکھانی، ڈائرکٹر ماتھر بھائی سوانی، گووند بھائی ڈھولکیا، لال جی پٹیل، ڈائمنڈ انڈسٹری کے اہم شخصیات بشمول سورت ڈائمنڈ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین دنیش بھائی ناودیا اور بورس کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔
سورت ہیرے کی تیاری کے میدان میں پوری دنیا میں مشہور ہے، اس بازار کے بننے کے ساتھ ہی سورت اب ہیروں کی تجارت کا بھی مرکز بن جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی سورت کی ترقی کی کہانی میں ایک اور باب کا اضافہ ہوگا۔ اس بورڈ کو بنانے کا بنیادی مقصد ہندوستان سے ہیروں، جواہرات اور زیورات کی درآمد برآمد اور تجارت کو فروغ دینا ہے، ساتھ ہی ساتھ ہیروں کی پیداوار اور کاروبار سے وابستہ چھوٹی اور بڑی کمپنیوں اور ایم ایس ایم ای کو ہیروں کی تجارت کے لیے جدید ترین انفراسٹرکچر اور عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ۔ اس بورس کے بننے سے دنیا کے 175 ممالک کے تاجروں کو سورت میں پالشڈ ڈائمنڈ کی خریداری کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم ملے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ عالمی معیار کا منصوبہ کسی ایک شخص یا کمپنی نے نہیں بلکہ 4200 تاجروں نے مل کر مکمل کیا ہے۔