ممبئی ( یواین آئی) ممبئی میں واقع مساجد، درگاہوں اور مدارس پر سے لاؤڈ اسپیکر اتارنے اور اہم دستاویزات جمع کرانے کے ممبئی پولس کے نوٹس کے خلاف وکرولی پارک سائٹ کی مساجد کے ذمہ داران نے آج ممبئی ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی۔
واضح رہے کہ قومی صدر سینئر ایڈوکیٹ یوسف حاتم مچھالا کی رہنمائی اور اے پی سی آرمہاراشٹر کے نائب صدر ایڈوکیٹ آن ریکارڈ عبدالکریم پٹھان کی مدد سے یہ کارروائی کی گئی۔ ایگزیکٹیو صدراے پی سی آرمہاراشٹرمحمد اسلم غازی نے کہاکہ اے پی سی آر ملک کی 19 ریاستوں اور مہاراشٹر کے 25 اضلاع کی زیریں عدالتوں ، کئی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں تحفظ انسانی حقوق کے لیے 3000 سے زائد مقد مے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ کیس میں اے پی سی آر کی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ عقیل احمد خان ، ایڈوکیٹ جناب الطاف احمد خان اور قانون کی طالبہ محترمہ تحریم بھی شامل ہیں۔
اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے علماء، عمائدین، سیاسی قائدین، وکلاء اور سماجی کارکنان نے مسلک اور پارٹی لائن سے اوپر اٹھ کر ملی فکرمندی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ۔ اکثر نے اے پی سی آر کا اخلاقی تعاون بھی کیا۔لیگل ٹیم اور فیلڈ ورکروں نے راتوں کو جاگ جاگ کر پیٹیشن کی تیاری کی اور اس میں شامل کیے جانے والے حقائق اور مواد جمع کیے۔
پرنسپل عالم خان جو صوتیاتی سائنس، آلات اور آلودگی کی عمدہ ٹیکنکل معلومات رکھتے ہیں ، نے جناب عارف نسیم خان کی ایما پر اے پی سی آر کا بھر پور تعاون کیا۔ جناب عبدالواحد فرنانڈیز ممبر اے پی سی آرمینی اور عالم خان نے شہر اور مضافات کے کئی دورے کیے۔ مساجد ، درگاہوں اور مدارس کے ذمہ داران ، ٹرسٹیان، علماء و ائمہ کو آئینی حقوق سے باخبر کیا اور پولس اور سیاسی دباؤ کا قانون کی مدد سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ دیا۔اس سلسلہ میں مساجد، درگاہو، مدرسوں کے ٹرسٹیز، زمہ داروں ، علماء اور ائمہ حضرات نے بھی جراتمندی سے اے پی سی آر کا تعاون کیا۔