نئی دہلی، 12 مارچ (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے منگل کو کہا کہ پارٹی کی ضمانت قبائلیوں، بے روزگاروں اور کسانوں سمیت سماج کے تمام طبقات کو انصاف فراہم کرے گی۔مسٹر کھڑگے نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ضمانتوں کا اعلان کیا ہے جو سماجی انصاف کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی ضمانت شراکتی انصاف کی ضمانت ہے۔ اس ضمانت پر کانگریس پارٹی قومی سطح پر ذات پات کی مردم شماری کرائے گی اور اس سے سماجی انصاف ملے گا۔ دوسری ضمانت کسانوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت-ایم ایس پی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے لیے قانون بنایا جائے گا۔ تیسری ضمانت یوتھ جسٹس گارنٹی ہے جس کے تحت بیروزگاری سے نمٹا جائے گا۔ اقتدار میں آنے کے بعد کانگریس سرکاری ملازمتوں کے عہدوں کو تیزی سے بھرے گی۔انہوں نے کہا کہ قبائلی انصاف کی ضمانت سے قبائلی معاشرے کو انصاف ملے گا۔ اس سے قبائلی عوام کو جنگل پر حق مل جائے گا اور وہ نقل مکانی اور بندھوا مزدوری سے آزاد ہو جائیں گے۔ قبائلیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی قانون لایا جائے گا۔












