نئی دہلی (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی کے خلاف ہفتہ کو قومی دارالحکومت میں احتجاج کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت کی کسی جابرانہ پالیسی سے ڈرنے والی نہیں ہے۔یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان ورون پانڈے نے یہاں بتایا کہ جب تنظیم کے صدر سرینواس بیوی کی قیادت میں نوجوان کارکنان یہاں راجندر پرساد روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے آگے بڑھے تو پولیس نے رکاوٹیں لگا کر مظاہرین کو روک دیا۔ اس دوران پولیس نے کئی مظاہرین کو حراست میں بھی لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سرینواس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت مسلسل اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے لئے ٹیکس دہشت گردی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔مسٹر پانڈے نے کہا کہ پورے ملک کو معلوم ہوگیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الیکٹورل بانڈ گھپلہ کے ذریعے تقریباً 8250 کروڑ روپے کا چندہ اکٹھا کیا ہے اور سپریم کورٹ نے اس قدم کو آئین کے خلاف قرار دیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس اور الیکشن کمیشن کو بی جے پی کی کوئی کمی نظر نہیں آرہی ہے اور وہ ہر معاملے پر کانگریس کو گھیرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن قواعد کے تحت کانگریس کو آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ ہراساں کیا جا رہا ہے، بی جے پی کو انہی اصولوں میں نرمی دی جا رہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد آئی ٹی ڈپارٹمنٹ غلط طریقے سے کانگریس پر جرمانہ عائد کر رہا ہے اور رقم کا مطالبہ کر رہا ہے۔یوتھ کانگریس کے صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی کو آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی طرف سے 4600 کروڑ روپے کا نوٹس دیا جانا چاہیے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔اس دوران یوتھ کانگریس کے کئی کارکن ڈاکٹر راجندر پرساد روڈ پر یوتھ کانگریس کے قومی صدر سری نواس بی وی جی کی قیادت میں مظاہرے کے لیے جا رہے تھے، جس پر دہلی پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے یوتھ کانگریس کے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔