چنئی، 03 اگست (یو این آئی) تمل ناڈو کے مجموعی طورپر 21 ماہی گیر، جنہیں گزشتہ ماہ سری لنکا کی بحریہ نے پکڑا تھا، جزیرے کی حکومت کی طرف سے رہا ہونے کے بعد چنئی واپس آگئے۔رامناتھ پورم اور پڈوکوٹائی سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کو سری لنکا کی آبی حدود میں مبینہ طور پر ماہی گیری کے الزام میں درمیانی سمندر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے یہ معاملہ مرکزی حکومت کے سامنے اٹھایا اور وزارت خارجہ سے درخواست کی کہ وہ ان کی رہائی کے لیے اقدامات کرے۔کولمبو میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس سمت میں قدم اٹھایا اور دو دن قبل تمام 21 ماہی گیروں کو سری لنکا کی جیل سے رہا کردیا گیا۔
ہندوستانی سفارت خانے کے عہدیداروں کی طرف سے سفری دستاویزات کا بندوبست کرنے کے بعد تمام ماہی گیر جمعہ کی رات ایئر انڈیا کی پرواز سے چنئی پہنچے۔تمل ناڈو کے ماہی پروری کے محکمے کے اہلکاروں نے چنئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا خیرمقدم کیا اور ان کے آبائی مقامات تک پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا۔