نئی دہلی، 09 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو کیرالہ کے وائناڈ کا دورہ کریں گے، جو کہ طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا ہے، جہاں وہ راحت اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیں گے اور اس آفت سے بچ جانے والوں سے بھی بات کریں گے۔
عہدیداروں نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر مودی صبح 11 بجے کے قریب کنور پہنچیں گے اور اس کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کا فضائی سروے کریں گے۔ ریسکیو آپریشن میں شامل ٹیمیں انہیں انخلاء کی کوششوں کے بارے میں بریف کریں گی۔
حکام کے مطابق وزیراعظم ریلیف کیمپ اور ہسپتال کا دورہ کریں گے جہاں وہ لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین سے ملاقات اور بات چیت کریں گے۔ مسٹر مودی اس کے بعد ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے جس میں انہیں واقعہ اور جاری امدادی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ 30 جولائی کو اس علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد 225 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔ یہ واقعہ کیرالہ میں آنے والی اب تک کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک تھا۔