رانچی، 21 ستمبر (یو این آئی) جھارکھنڈ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہزاری باغ ڈویژن کی تبدیلی یاترا کا آغاز کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہیمنت سرکار کو ملک کا سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہیمنت سورین کو بدعنوانی کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ روہنگیا بنگلہ دیشی جھارکھنڈ میں مکانات اور دستاویزات بنا رہے ہیں، انہیں کیوں نہیں روکا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی امریکہ میں ہندستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ وہ سکھ مذہب کے پیروکاروں کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، وہ ہندستان کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ سیاست کا مقصد ملک کو بدنام کرنا نہیں بلکہ ملک کی تعمیر ہوتا ہے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ بابولال مرانڈی کی قیادت میں تبدیلی یاترا ایک نئی تاریخ لکھے گی۔ جھارکھنڈ ریاست میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود لوگوں سے کہا کہ جھارکھنڈ سے میرا ذاتی رشتہ رہا ہے۔ میری بیوی بھی جھارکھنڈ سے ہے، اس بار بدعنوان ہیمنت حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکو۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر ملک کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ آج ہندستان بولتا ہے اور دنیا سنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ روک کر ہندوستانی طلباء کو یوکرین سے بحفاظت نکالا گیا۔ مودی جی کی قیادت میں ون نیشن ون الیکشن بھی نافذ کیا جائے گا۔ اس سے پورے ملک میں ترقی کی رفتار بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر میڈیکل کالج کھولا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مودی جی کے دس سال کے دور اقتدار میں 25 کروڑ لوگوں کو خط افلاس سے باہر لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹل جی نے سڑکوں کا جال بچھایا تھا اور مودی جی اسے آگے لے جانے کا کام کر رہے ہیں۔ گاؤں کو پکی سڑکوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ ہم اقتدار کی تبدیلی کے لیے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ، کانگریس اور آر جے ڈی اس ریاست کی ترقی کے تین اسپیڈ بریکر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو دوگنی طاقت سے ترقی ہوگی۔