نئی دہلی، 9 دسمبر (یو این آئی)مسلمانوں کو تعلیمی اور معاشی طور پر مضبوط ہونے پر زور دیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ طارق انور نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو تعلیمی، سیاسی اورسماجی شراکت داری کے ساتھ معاشی طور پر مضبوط ہونے کے لئے تجارت خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے رئیل اسٹیٹ کمپنی‘ڈیمیوس’کے آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان ہر شعبے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے نوجوان تجارت کے میدان میں بھی اپنا پرچم لہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریئل اسٹیٹ میں مسلم نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔ کیوں کہ جب پڑھے لکھے مسلم نوجوان اس شعبے میں آئیں گے تو اس میں شفافیت آئے گی اور لوگوں کا اس شعبے پراعتماد بڑھے گا۔
انہوں نے ڈیمیوس کے سربراہ اقبال احمد خاں اور شریک سربراہ شبانہ اعظمی کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس شعبے میں قدم رکھا ہے اور سستے قیمت پر لوگوں کو پلاٹ فراہم کررہے ہیں۔ ڈیمیوس کے سربراہ اقبال احمد خاں اور شریک سربراہ شبانہ اعظمی نے اس موقع پر کہا کہ اس کمپنی کے قیام کا مقصد لوگوں کی سستے اور مناسب قمیت پلاٹ اور فلیٹ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کام ضابطے کے تحت کیا جاتا ہے، پکی رجسٹری اور نصف قیمت ادا کرنے پر پکی رجسٹری اور موٹیشن کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد لوگوں کو فریب سے بچانا بھی ہے۔اس موقع پر سینئر کانگریسی لیڈر انتخاب عالم کے علاوہ صحافی اور دیگر سرکردہ افراد موجو تھے۔