نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ہفتہ کے روز شالیمار باغ اسمبلی حلقہ میں اوور ہیڈ بجلی کی تاروں کو زیر زمین کرنے کے پہلے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا۔محترمہ ریکھا گپتا نے آج یہاں کہا کہ یہ اہم پروجیکٹ تقریباً تین ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا۔ یہ کام نہ صرف دہلی کے خوبصورت منظر کو بہتر بنائے گا بلکہ شہریوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنائے گا۔ اس سے شالیمار باغ کے بی ایچ بلاک جنتا فلیٹس میں رہنے والے تقریباً 5500 خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے علاقے کا فضائی منظر بھی بہتر ہوگا۔
اس پوری اسکیم کے نفاذ کے بعد شہریوں کو ہر موسم میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا، "آج شروع ہونے والا منصوبہ، جس میں اوور ہیڈ وائرنگ کو زیر زمین کیا جا رہا ہے، دہلی کے لیے پائلٹ پروجیکٹ ہے۔ یہ تکنیکی ترقی کے ساتھ ہی واضح وژن کی علامت ہے، جس سے دارالحکومت کے توانائی کے نظام کو زیادہ محفوظ اور منظم بنایا جائے گا۔ تاروں کا کھلا اور بے ترتیب نظم سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اور شہریوں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑتی ہے۔”
انہوں نے کہا، "اب دہلی نہ صرف دارالحکومت بلکہ اسمارٹ، توانائی کی بچت اور سبز توانائی سے بھرپور جدید شہر بننے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہر گھر کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی، صنعتوں کے لیے پائیدار حل اور ماحولیاتی موافق بنیادی ڈھانچہ، یہ ہماری دہلی کا مستقبل ہے۔”