وجئے واڑہ (یو این آئی) آندھرا پردیش کمیشن برائے خواتین نے اداکار سے سیاست دان بنے اور جن سینا پارٹی کے سربراہ کے پون کلیان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین شادیوں پر اپنا بیان واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔ خواتین کمیشن کی چیئرپرسن واسیریڈی پدما نے پون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تین شادیوں پر اپنا بیان واپس لیں اور ریاست کی خواتین سے کھلے عام معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکار سے سیاستدان بنے پون کیان نے لوگوں کو گمراہ کرنے والی بات کہی ہے۔
محترمہ پدما کو افسوس ہے کہ پون کا تبصرہ ایسا لگتا ہے جیسے وہ دوسروں کو تین بار شادی کرنے کی ترغیب دے رہے ہوں۔
کچھ دن پہلے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پون نے کہا کہ انہوں نے قانونی طورپر طلاق لینے کے بعد تین شادیاں کیں۔ ریاست میں حکمراں وائی ایس آر کانگریس پارٹی (وائی ایس آر سی پی) کے لیڈروں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ان پر تنقید کرنے کے بجائے اگر وہ (وائی ایس آر سی پی رہنماؤں) چاہیں تو اپنی بیویوں سے قانونی طور پر طلاق لینے کے بعد دوبارہ شادی کرلیں۔












