سیتاپور بزم اُردو سیتاپور کی ایک اہم میٹنگ بزم کے صدر اور معروف شاعر و صحافی مستؔ حفیظ رحمانی کے دولت خانہ پر انہی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر عظیم مجاہد آزدی علامہ فضل حق خیرآبادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے مستؔ حفیظ رحمانی نے کہا کہ ہندوستان کو آزاد کرانے کے لئے لاکھوں مسلمانوں باا لخصوص علماء کرام نے اپنے جان و مال قربان کئے ہیں۔ علامہ فضل حق خیرآبادی بھی انہیں مجاہدین میں سے ایک ایسے با کمال شخصیت کے مالک رہے جنکی حب الوطنی اور جاں نثاری رہتی دنیا تک ہمیں درس دیتی رہے گی۔ مستؔ حفیظ رحمانی نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے تمام شہیدان وطن کو خراج عقیدت پیش کریں اور انکی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت انجام دیں۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آنے والی نسلوں کو تاریخ کے سنہرے اوراق سے وابستہ کیا جائے ان کی تعلیم و تربیت اس طرح کی جائے کہ وہ اپنے اجداد کے ماضی کو بخوبی جان و سمجھ سکیں۔
مستؔ حفیظ رحمانی نے مزید کہا کہ اُردو نہ صرف ایک زبان ہے بلکہ اُردو ایک تہذیب کا نام ہے۔ اُردو کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اُردو کے متوالوں نے ہندوستان کی ہر طرح سے خدمت کرنے کا کام انجام دیا ہے۔ بزم اُردو سیتاپور گزشتہ 54 برسوں سے مسلسل ادبی نشستوں اور محفلوں کے ذریعہ اُردو زبان و ادب کو فروغ دینے کا کام کر رہی ہے۔ اُردو زبان و ادب کو مزید فروغ دینے کے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ تحریک چلا کر عوام کو راغب کیا جائے تاکہ اُردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کاکام اور زیادہ مستعدی کے ساتھ انجام دنے میں نئی نسلوں کا بھر پور تعاون حاصل ہو سکے۔
اس موقع پر بزم اُردو کے نائب صدر اشتیاق علی صباؔ، جنرل سیکریٹری منظرؔ یٰسین، رضوان علی خان، محفوظؔ رحمانی، خوشترؔ رحمانی اور ابوذر نعمان خاں موجود رہے جنہوں نے اپنا منظوم کلام پیش کیا۔