امروہہ:10جنوری(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع امروہہ کے دھنورا علاقے میں بدھ کی صبح بے خوف بدمعاشوں نے بازار میں کافی بھیڑ بھاڑ والی جگہ پر ایک کسان کا گولی مار کرقتل کردیا۔ اس بہیمانہ واردات میں مشتعل کسانوں نے نیشنل ہائی وے پر جام لگا دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آج صبح تقریبا نو بجے بچھرایوں علاقے کےگاؤں ملیشیا باشندہ روندریادو(30) عرف کلوا منڈی دھنورا۔امروہہ شاہراہ پر واقع تھانہ منڈی تھنورا علاقے کے تحت کواں کھیڑا بازار میں ہیر کٹنگ سیلون پر شیونگ کرارہے تھے۔ اس دوران دوموٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر موقع پر پہنچے تین نقاب پوش بدمعاشوں نے روندر کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی۔ گولی لگنے کے بعد زخمی حالت میں روندر سیلون سے باہر جان بچانے کے لئے دیوار کودنے کے لئے جیسے ہی بھاگے بدمعاشوں نے تعاقب کرتے ہوئے ایک کے بعد ایک اس طرح تابڑ توڑ فائرنگ کی کہ روندر کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
واردات کے بعد قاتل فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ دن دہاڑے قتل سے بازار میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ کے علاوہ بڑی تعداد میں کسان موقع واردات پر جمع ہوگئے۔ واقعہ سے مشتعل کسانوں نے منڈی دھنورا بلاک کے سامنے بدایوں۔پانی پت اسٹیٹ ہائی وے۔51 پر جام لگا دیا ۔ جس سے ہائی وے کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پولیس سرکل افسر شویتابھ بھاسکر نے قتل ملزمین کو جلد گرفتاری کا تیقن دیتے ہوئے کسانوں کو جام کھولنے کے لئے راضی کیا۔ موقع پر ایس ٹی ایف اور فورنسک ٹیم جانچ میں مصروف ہے۔