نئی دہلی (یو این آئی) بالی ووڈ اداکار اور پروڈیوسر عامر خان عدالت میں چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی عدالتی کارروائی کے دوران اپنی موجودگی کی وجہ سے توجہ کا مرکز رہے۔بولی وڈ اداکار عامر خان عدالت میں بینچ کی اگلی قطار میں بیٹھے تھے۔
اپنی موجودگی کا اشارہ دیتے ہوئے جسٹس چندر چوڑ نے کہا، ’’میں عدالت میں بھگدڑ نہیں چاہتا، ہم سپریم کورٹ کے ایک خاص مہمان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘ عامر خان کے ساتھ فلم ڈائریکٹر کرن راؤ بھی وہاں موجود تھیں۔
اسی وقت، اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی نے بھی تبصرہ کیا، ’’چیف جسٹس کی عدالت آج ’ستاروں سے بھری‘ ہو گئی ہے۔
عامر خاں اور کرن راؤ کی عدالت میں یہ موجودگی سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں بالی ووڈ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کی اسکریننگ سے چند گھنٹے پہلے ہوئی۔عامر خان کے ذریعہ بنائی گئی ‘لاپتہ لیڈیز’ صنفی حساسیت کے موضوع پر مبنی ہے۔ شام کو ججز، کورٹ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ارکان اور ان کے اہل خانہ کے لیے اس فلم کی خصوصی اسکریننگ کا انعقاد کیا گیا۔