نئی دہلی (یو این آئی) دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا ہے کہ بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کے آئین اور سچائی کی طاقت سے انہیں ضمانت ملی ہے اور اب ہمارے پیارے لیڈر اروند کیجریوال بھی باہر آئیں گے۔عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنماؤں سمیت کارکنوں اور حامیوں کی ایک بڑی تعداد مسٹر سسودیا کے استقبال کے لیے تہاڑ کے باہر جمع ہوئی اور ان کی پہلی جھلک ملتے ہی آتش بازی کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔
جیسے ہی وہ جیل سے باہر آئے، مسٹر منیش سسودیا نے کہا، اس آزاد منیش سسودیا کی طرف سے آپ سب کو نمسکار۔ میرے جسم کا ہرحصہ بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کے آئین کا مقروض ہے۔ مجھے بابا صاحب کے آئین اور سچائی کی طاقت سے ضمانت ملی ہے۔انہوں نے کہا، ’’نہ صرف میں نے بلکہ آپ سب نے بھی ان 17 مہینوں میں تکلیف کا سامنا کیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ گزشتہ 17 مہینوں میں میرے ملک میں مجھ سے محبت کرنے والوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے 17 مہینوں سے نہ صرف میں جیل میں رہا بلکہ آپ سب جذباتی طور پر، ہر لمحہ میرے ساتھ رہے۔ دہلی اور ملک کا ہر فرد، خاص طور پر دہلی اور ملک کا ہر اسکول کا بچہ دل سے میرے ساتھ رہا ہے۔ ان 17 مہینوں کے دوران، میں ہمیشہ بچوں کے بارے میں سوچتا رہا ہوں۔
مسٹرسسودیا نے کہا، ’’میں تہہ دل سے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے آئین کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے تاناشاہی کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا ہے۔ عدالت کے حکم کے بعد صبح سے میرے جسم کا ہرحصہ بابا صاحب کا مقروض ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اتنے سالوں بعد ہم بابا صاحب کا قرض کیسے اتاریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر مستقبل میں کوئی تاناشاہ حکومت بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں ڈالے گی تو آئین ان کی حفاظت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے۔ یہ تاناشاہ حکومت ہمارے لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں جیل میں ڈال سکتی ہے، لیکن یہ حقیقت کبھی نہیں بدلے گی کہ مسٹراروند کیجریوال بدعنوانی کے خلاف ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔