نئی دہلی، 02 اگست (یو این آئی) اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے جمعہ کو ملک میں تمام ہندوستانی شہریوں کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے نے یہ ایڈوائزری اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کے دوران اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک آپریشن میں ایران میں حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کی ہلاکت کے بعد ایران کی طرف سے جوابی کارروائی کی دھمکی کے پیش نظر جاری کی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر، اسرائیل میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور مقامی حکام کے مشورے کے مطابق حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں۔ براہ کرم محتاط رہیں۔ ملک کے اندر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔ ہندوستانی سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیلی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے 24/7 ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کریں۔ وہ شہری جنہوں نے اندراج نہیں کرایا ہے وہ ہندوستانی سفارت خانے میں رجسٹریشن کرالیں۔
یو این آئی۔ م ع۔ 2245