پیرس، 02 اگست (یو این آئی) ہندوستانی اسٹار شٹلر لکشیا سین نے جمعہ کو پیرس اولمپکس میں بیڈمنٹن ایونٹ کے مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنل مقابلے میں چینی تائپے کے چوٹائین چن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل ہوکر تاریخ رقم کی ۔لکشیا نے آج لا چیپل ایرینا میں مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنل بیڈمنٹن مقابلے میں چو ٹیئن چن کو 19-21، 21-15، 21-12 سے شکست دی۔ عالمی نمبر 22 کھلاڑی لکشیا نے یہ تاریخی فتح 75 منٹ بعد قریبی مقابلے میں حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی لکشیا اولمپکس میں سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والے پہلے ہندوستانی مرد بیڈمنٹن کھلاڑی بن گئے۔
12 ویں سیڈ چو ٹائین چن نے انتہائی سخت مقابلے والے میچ کا پہلا سیٹ جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی سخت مقابلہ ہوا؛ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی چینی کھلاڑی پر حاوی رہے۔پہلے دو سیٹوں کی طرح تیسرا سیٹ بھی طویل ریلیوں کے ساتھ جاری رہا اور دونوں شٹلرز نے ایک دوسرے کو غلطیوں پر مجبور کیا۔ تاہم، لکشیا مکمل کنٹرول میں نظر آئے اور نو پوائنٹس سے سیٹ جیت لیا۔دو بار کے یوتھ اولمپک میڈلسٹ لکشیا کا مقابلہ اتوار کو سیمی فائنل میں 10ویں سیڈ لوہ کین یو یا دفاعی اولمپک چیمپئن ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن سے ہوگا۔