سیکر (یو این آئی) اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجستھان میں اے آئی ایم آئی ایم تیسری پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔مسٹر اویسی کل ضلع سیکر کے فتح پور شیخاوتی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس اور بی جے پی کبڈی کا کھیل کھیلتے ہیں، اب ان کی پارٹی تیسری طاقت بن کر ابھرے گی اور اس کھیل کو ختم کر دے گی۔ انہوں نے کہا جب تک آپ کے پاس اپنی ایک سیاسی آواز نہیں ہوگی اس وقت تک آپ اپنے مسائل حل نہیں کرواسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں برسوں سے ووٹ ڈالنے والا بنایا جاچکا ہے ۔ اب ہمیں ووٹ لینے والا بننا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آپ اپنے نمائندے کو اپنے ووٹ سے کامیاب نہیں کریں گے آپ کو انصاف نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تلنگانہ میں سات مسلم ایم ایل اے ہیں جن کا بجٹ 1728 کروڑ ہے ، وہیں راجستھان میں نو ایم ایل اے ہونے کے باوجود اقلیتوں کا بجٹ 98.55 کروڑ ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ راجستھان کا بجٹ اتنا کم کیوں ہے ؟انہوں نے کہا کہ راجستھان کے اقلیتی نو ایم ایل اے کمزور اور بے بس ہیں جن کی آواز نہیں سنی جاتی۔ انہوں نے جاٹ، راجپوت اور گجر سماج کی مثال دیتے ہوئے منظم ہونے کی بات کہی۔مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے مسٹر اویسی نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم ملک کے مفاد میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان چین مل کر ہندوستان کوللکار رہے ہیں۔ اگنی پتھ اسکیم کو اس وقت نہیں لانا چاہیے ۔ اسے واپس لینے کی ضرورت ہے ۔مسٹر اویسی راجستھان کے دورے پر ہیں اور اس دوران وہ پانچ اضلاع کے اقلیتی ووٹروں کی نبض چیک کر رہے ہیں۔ انہوں نے سیکر کے لکشمن گڑھ کے کھیروان اور جھنجھنو کے نول گڑھ میں بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ وہ آج ناگور ضلع کے لاڈنون میں جلسہ عام کریں گے ۔