نئی دہلی، 18 جون (یو این آئی) ٹاٹا سنز اور ایئر انڈیا کے چیئرمین این چندر شیکھرن نے 12 جون کو احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے لیے معافی مانگی ہے جس میں 270 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے اور متاثرین کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کے لیے اے آئی 171 ٹرسٹ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ایک ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں، مسٹر چندر شیکھرن نے کہا کہ وہ ایک اے آئی 171 ٹرسٹ بنانا چاہتے ہیں جو متاثرہ خاندانوں کی دیکھ بھال کے لیے موجود ہوگا۔ لیکن یہ صرف مالی ضروریات کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ دیگر ضروریات کے بارے میں بھی ہے۔
مسٹر چندر شیکھرن نے کہا، "یہ ایک انتہائی مشکل صورتحال ہے جس میں مرنے والوں کے خاندانوں میں سے کسی کو تسلی دینے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ مجھے گہرا افسوس ہے کہ یہ حادثہ ٹاٹا کی طرف سے چلائی جانے والی ایئر لائن میں پیش آیا۔ اور مجھے بہت افسوس ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت صرف خاندانوں کے ساتھ رہ سکتے ہیں، ان کے ساتھ سوگ مناسکتے ہیں اور ہم اس وقت اور اس سے آگے بھی ان کی مدد اور حمایت کے لئے سب کچھ کریں گے۔
جب ایئر انڈیا سے طیارے کے حادثے کی وجہ کے بارے میں کسی ابتدائی معلومات کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر چندر شیکھرن نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور ڈی جی سی اے نے ایک کمیٹی بھی مقرر کر دی ہے۔ چندر شیکھرن نے کہا کہ کچھ ابتدائی نتائج سامنے آنے میں ایک مہینہ لگ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ حادثے کا شکار ہونے والی پرواز اے آئی 171 کی ایک صاف تاریخ تھی اور اس میں کوئی گڑبڑی یا بے ضابطگی یا غشکایت سامنے نہیں آئی تھی۔