سری نگر(یو این آئی)جموں و کشمیر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر محکمہ تعلیم نے وادی کشمیر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 23 جون سے 15 روزہ گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں موسم کی شدت ناقابل برداشت ہو چکی ہے، اور طلباء کی صحت اور تحفظ کے پیشِ نظر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام اسکولوں میں 23 جون سے موسم گرما کی تعطیلات نافذ کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ نے ابتدائی طور پر یکم جولائی سے 10 جولائی تک تعطیلات کی تجویز دی تھی، لیکن موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا کہ تعطیلات کو قبل از وقت شروع کیا جائے اور ان کا دورانیہ 15 دن رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعطیلات کے اختتام پر موسم کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو تعطیلات میں توسیع پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔محکمہ تعلیم نے والدین، طلباء اور اسکول انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی شدت کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔