رائے پور یکم دسمبر (یواین آئی) چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی وشنو دیو سائی کی پہل پر ریاست کے بلاس پور، جگدل پور اور امبیکاپور ہوائی اڈوں کے ترقیاتی کاموں کے لیے محکمہ خزانہ نے 23.64 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ اس سے ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے اور سیکورٹی سے متعلق کام کیا جائے گا۔
مسٹرسائی نے کہا کہ ان کاموں کی منظوری کے ساتھ ہی ریاست کے ہوائی اڈوں کی اپ گریڈیشن اور ترقی مؤثر اور منظم طریقے سے کی جائے گی۔ اس سے ہوا بازی کی خدمات میں بہتری آئے گی اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
محکمہ خزانہ نے بلاس پور ہوائی اڈے پر ایپرن کی توسیع اور لائٹنگ کے کام کے لیے 2 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم منظور کی ہے۔ ایپرن کی توسیع کے کام کے تحت ایئرپورٹ کے رن وے کے اردگرد کے علاقے کو وسیع کیا جائے گا جس سے ہوائی جہازوں کی پارکنگ اور آپریشن میں آسانی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی لائٹنگ سسٹم کو اپگریڈ کیاجائے گا، تاکہ رات کے وقت فضائی آپریشن کو محفوظ اور موثر بنایاجاسکے۔
جگدل پور ہوائی اڈے کے لیے ہوائی پٹی کی بہتری کے لیے 20.40 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ اس سے ہوائی اڈے کی سیکیورٹی اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ ہوائی جہاز کو ایمرجنسی کی صورت میں محفوظ طریقے سے پارک کرنے کے لیے آئسولیشن بے بنایاجاتا ہے، جب کہ سڑک کو چوڑا کرنے سے ٹریفک میں آسانی ہوگی۔ وائر فینسنگ سے ایئر پورٹ کے چاروں طرف سیکورٹی کو فروغ ملے گا۔
اسی طرح امبیکاپور ہوائی اڈے کے ترقیاتی کاموں کے لیے 27.92 لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔