سینٹ پیٹرزبرگ (روس) 12 ستمبر (یو این آئی) قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے کے رکن، مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کےدفتر کے ڈائریکٹر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔یہ اہم ملاقات برکس ممالک کے سیکورٹی معاملات کے ذمہ دار اعلیٰ حکام/قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ میٹنگ کے دوران دونوں فریقوں کو حقیقی کنٹرول لائن( ایل اے سی) پر بقایا مسائل کے جلد حل تلاش کرنے کی سمت حالیہ کوششوں کا جائزہ لینے کا موقع ملا، جس سے دو طرفہ تعلقات کو استحکام اور تشکیل نو کے لیے حالات پیدا ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں فریقوں نے فوری طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔قومی سلامتی کے مشیر نے واضح طور پر کہا کہ سرحدی علاقوں میں امن اور ایل اے سی کا احترام دوطرفہ تعلقات میں معمول صورتحال کے لیے ضروری ہے۔ دونوں فریقین کو ماضی میں دونوں حکومتوں کی طرف سے طے پانے والے متعلقہ دوطرفہ معاہدوں، پروٹوکولز اور باہمی مفاہمت پر پوری طرح عمل کرنا چاہیے۔