لکھنؤ، 13 اپریل (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو معاف کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔حال ہی میں محترمہ مایاوتی نے آکاش آنند کو پارٹی کوآرڈینیٹر کے عہدے سے ہٹا کر پارٹی سے نکال دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آکاش اپنے سسر اشوک سدھارتھ کے اثر میں ہیں اور پارٹی لائن سے ہٹ کر چل رہے ہیں۔پارٹی سے نکالے جانے سے دل برداشتہ آکاش آنند نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر سلسلہ وار پوسٹس کے ذریعے بی ایس پی سپریمو کو اپنا سیاسی گرو قرار دیتے ہوئے ان کے تئیں احترام کا اظہار کیا اور اپنی غلطیوں پر معافی مانگی۔ آکاش کے معافی مانگنے کے کچھ گھنٹوں بعد بی ایس پی سپریمو نے انہیں پارٹی میں ایک اور موقع دینے کا اعلان کیا۔
محترمہ مایاوتی نے ‘ایکس’ پر لکھا:”آکاش آنند کی جانب سے آج ‘ایکس’ پر چار عوامی پوسٹس میں اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے، سینئر لوگوں کو مکمل عزت دینے اور اپنے سسر کی باتوں میں آ کر نہیں بلکہ بی ایس پی پارٹی اور موومنٹ کے لیے زندگی وقف کرنے کی بنیاد پر انہیں ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ویسے ابھی میں صحت مند ہوں اور جب تک مکمل طور پر صحت مند رہوں گی، عزت مآب کانشی رام جی کی طرح، پارٹی اور موومنٹ کے لیے پوری لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کرتی رہوں گی۔ ایسے میں میرے جانشین بنانے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں اور رہوں گی۔”