نئی دہلی (یو این آئی/ایجنسیاں) دہلی میں لال قلعے کے سامنے پیر کی شام ہوئے دھماکے کے بعد مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ اس واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش کی جائے گی ۔مسٹر شاہ نے حکومت کی جانب سے جاری پہلے ردِعمل میں کہا کہ ’’ہم تمام امکانات کو تلاش کر رہے ہیں اور تمام خدشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کی گہرائی سے تفتیش کی جائے گی تمام پہلوؤں کی فوری جانچ کی جائے گی اور تفتیش کے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔‘‘
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور کچھ گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز کافی دور تک سنائی دی۔

دھماکے میں مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بتایا کہ معاملے کی ہر زاویے سے گہری جانچ کی جائے گی۔ تمام امکانات کی فوری جانچ کرکے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے واقعے کے بعد دہلی پولیس کمشنر ستیش گولچا اور اسپیشل سیل کے انچارج سے بات کی۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ این ایس جی اور این آئی اے کی ٹیم ایف ایس ایل کے ساتھ مل کر تحقیقات شروع کر چکی ہے۔
آپ کو بتادیں کہ دھماکے کے کچھ دیر بعد ہی وزیراعظم نریندر مودی نے مسٹر شاہ سے بات کی اور صورتحال کی معلومات حاصل کیں۔ مسٹر مودی اور وزیرِ داخلہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزیرِ داخلہ نے ایل این جے پی اسپتال میں جا کر زخمیوں کی عیادت کی اور اس کے بعد دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا۔ایل این جے پی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بی ایل چودھری نے بتایا کہ اسپتال میں آٹھ لاشیں لائی گئی ہیں اور کئی زخمی ہیں۔واقعہ کے فوراً بعد دہلی پولیس اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج بھی کھنگالے جا رہے ہیں۔
واقعہ کے بعد دہلی سمیت پڑوسی ریاستوں اتر پردیش اور ہریانہ کے علاوہ کچھ دیگر ریاستوں میں بھی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔مسٹر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر صحت جے پی نڈا اور کئی دیگر رہنماؤں نے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ دھماکہ ایک آئی 20 کار میں ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کم از کم 16افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے،تاہم وزیر داخلہ یا دہلی پولس نے اس خبر کی تاحال تصدیق نہیں کی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کا کہنا تھا کہ 10 منٹ کے اندر اسپیشل سیل کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ این ایس جی اور این آئی اے کی ٹیمیں ایف ایس ایل کے ساتھ مل کر تفتیش شروع کر چکی ہیں۔مرکزی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اطراف کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ شام تقریباً سات بجے سُبھاش مارگ پر لال قلعے کے سامنے ایک چوراہے پر کار میں دھماکہ ہوا جس کے بعد آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ واقعے کے بعد مسٹر شاہ نے دہلی پولیس کمشنر ستیش گولچا اور اسپیشل سیل کے انچارج سے بات کی۔ اس کے بعد وہ دہلی کے لوک نایک جے پرکاش اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کیلئے بھی پہنچے۔












