ہوشیار پور 29 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بدھ کو ہوشیار پور سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر راج کمار چبیوال کے لئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر شاہ پنجاب کے لوگوں کو دھمکی دے رہے ہیں کہ 4 جون کو وہ پنجاب میں اے اے پی کی حکومت گرادیں گے اور مسٹر بھگونت مان کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا دیں گے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ مسٹر شاہ کو پہلے پنجاب کی تاریخ پڑھنی چاہئے۔ پنجاب کے لوگ جب ظالم نادر شاہ کے سامنے نہیں جھکے تو مسٹر شاہ کی کیا حیثیت ہے؟ انہوں نے کہا کہ کسان تحریک کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور مسٹر شاہ نے پنجاب کے کسانوں کو بہت تکلیف دی۔ 750 کسانوں کی جانیں گئیں۔انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں آپ لوگوں کو کسان تحریک کا بدلہ بی جے پی سے لینا چاہئے اور انہیں بری طرح سے شکست دینا چاہئے تاکہ انہیں پنجاب کے ساتھ پنگا لینے کا مطلب سمجھ میں آجائے۔
مسٹرسنگھ نے کہا کہ بی جے پی سے ملک کے آئین اور جمہوریت کو سب سے بڑا خطرہ ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ ملک کے آئین اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
آئین بننے کے بعد انہوں نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا پتلا جلایا اور کہا کہ یہ آئین ملک کے خلاف ہے۔ منڈل کمیشن کی سفارش پر ریزرویشن لاگو ہونے کے وقت بھی انہوں نے ریزرویشن کی سخت مخالفت کی تھی۔ بی جے پی کے لوگ شروع سے ہی ریزرویشن اور آئین کے خلاف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی طرح ہندوستان میں بھی آمریت مسلط کرنا چاہتی ہے۔ چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخابات میں اس کی مثال سب نے دیکھی۔ اس لیے اس بار بی جے پی کو شکست دینا ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔