مکتسر 29 مئی (یواین آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو فیروز پور سے اے اے پی کے امیدوار جگدیپ سنگھ کاکا براڑ کے لئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کی اپیل کرنے آئے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا، ‘آپ لوگوں نے ہمیں دو سال پہلے اسمبلی میں بھاری اکثریت دی تھی۔ یہ لوک سبھا انتخابات ہیں۔ اس بار ہمیں مرکز میں مضبوط کریں۔ عام آدمی پارٹی کو تمام 13 سیٹوں پرکامیاب بنائیں۔ ہمارے تمام اراکین اسمبلی پنجاب کے عوام کی آواز اٹھائیں گے اور مرکز سے متعلق تمام مسائل حل کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ وزیراعظم اور مرکزی وزراء کے گھر کے سامنے دھرنے پر بیٹھ جائیں گے اور پنجاب کا پیسہ جاری کرائیں گے۔
مسٹرکیجریوال نے کہا، "2022 میں، آپ نے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی ایماندار حکومت منتخب کی، جس کی وجہ سے یہاں پچھلے دو سالوں میں بہت سے بڑے بڑے کام ہوئے۔ اب عوام کو مفت بجلی مل رہی ہے۔ مختلف مقامات پر محلہ کلینک اور اسکول آف ایمننس بنائے جا رہے ہیں۔ پہلی بار تقریباً 50 ہزار نوجوانوں کو بغیر سفارش اور رشوت کے سرکاری نوکریاں ملیں۔ یہ سب اس لیے ممکن ہوا کیونکہ عام آدمی پارٹی کی حکومت ایماندار ہے۔
انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب کے لوگوں کو دھمکی دی ہے کہ 4 جون کے بعد وہ پنجاب کی عام آدمی پارٹی کی حکومت گرادیں گے اور وزیر اعلی بھگونت مان کو ہٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے اے پی حکومت کو گرانے کا مسٹر شاہ کا بنیادی مقصد یہاں کے لوگوں کے لئے مفت بجلی اور محلہ کلینک کو بند کرنا ہے۔ اس لیے کسی بھی قیمت پر بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔ اس بار عام آدمی پارٹی کو ووٹ دے کر مسٹر شاہ کی دھمکی کا جواب دیں۔