علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئر سیکنڈری اسکول کے طلباءو طالبات کو بارہویں جماعت کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کریئر اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع کے بارے میں جی 20 یونیورسٹی کنیکٹ پروگرام کے تحت دو کریئر کاونسلنگ سیشن میں قیمتی معلومات فراہم کی گئیں، جن کا اہتمام ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس جنرل نے کیا تھا۔
سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) میں منعقد ہونے والے پہلے سیشن میں قانون اور ہیومینٹیز میں کریئر کے عنوان پر بارہویں جماعت کے طلباءکو مختلف مواقع کے بارے میں بتایا گیا ۔پروفیسر وبھا شرما (شعبہ انگریزی) نے ہیومینٹیز میں سینئر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ کے بعد کریئر کے مختلف امکانات پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر سید علی نواز زیدی (شعبہ قانون) نے قانون کی تعلیم کے میدان میں دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے پیشہ سے وابستہ شخص ایک آل راونڈر کی طرح ہوتا ہے جو کسی بھی شعبے میں اپنی قابلیت ثابت کرسکتا ہے۔ قانون کے طالب علم حماد الحق اور سید احمد نواز زیدی نے پروگرام کی نظامت کی جبکہ عمران عامر نے شکریہ ادا کیا۔سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز) میں منعقدہ دوسرے سیشن میں قانون اور ہیومینٹیز میں کریئر کے بارے میں طالبات کو معلومات فراہم کی گئیں ۔مہمان خصوصی، چیف ڈیولپمنٹ آفیسر، علی گڑھ، محترمہ آکانکشا رانا (آئی اے ایس) نے ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں ہابی یعنی شوق کی اہمیت بیان کی۔ انھوں نے پچھلے کچھ برسوں میں کریئر کے محاذ پر آنے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی اور طلباءپر زور دیا کہ وہ سوچ سمجھ کر کریئر کا انتخاب کریں ۔
زائڈس ویلنیس لمیٹیڈ میں مینوفیکچرنگ کے سربراہ ڈاکٹر بھوپیندر کوشل نے کسی بھی شعبے میں عمدہ ترین کارکردگی کو بہت اہم قرار دیا ۔انھوں نے اپنے متنوع تجربات کے حوالے سے طالبات کو ان کے منتخب کردہ شعبوں میں امتیاز حاصل کرنے کی ترغیب دی ۔
پروفیسر سید علی نواز زیدی نے طلباءکو قانون کے میدان میں دستیاب وسیع مواقع کے بارے میںبتایا۔ سیشن کی نظامت قانون کی طالبات رانیہ حامد قدیر اور آنندیتا راو نے کی۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمید نے طلباءکی بصیرت انگیز رہنمائی کے لئے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا ۔