کانگریس نے کہا- وزیر اعظم مودی کیوں تشدد کو روکنے کے قابل نہیں ہیں؟
نئی دہلی: پچھلے ساڑھے تین مہینوں سے نسلی تشدد سے متاثرہ ریاست منی پور سے ایک بارپھر تشدد کی خبر موصول ہورہی ہے۔ میڈ یا رپورٹ کے مطابق تازہ ترین واقعے میں ضلع اکھرول کے کوکی تھوائی گاؤں میں بھاری فائرنگ سے تین نوجوان ہلاک ہوگئے ہیں۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ تینوں نوجوان 24 سے 35 سال کے درمیان کے تھے۔
پولیس نے کہا ہے کہ فائرنگ کی آواز کے بعد قریبی دیہات اور جنگلات میں پولس نے معاملہ کی تفتیش کی اور اس درمیان تین نوجوانوں کی لاشیں پائی گئیں ، جس پر تیز چاقو سے کئی وار کئے گئے تھے۔ ریاست میں اس تازہ ترین پرتشدد واقعے کے بعد کانگریس نے مرکزی اور ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پر لکھا ، "منی پور کے تشدد میں ایک بار پھر 3 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ابھی تک 160 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ منی پور پچھلے کئی مہینوں سے جل رہا ہے۔ لوگ خوف اور گھبراہٹ کے سائے میں رہنے پر مجبور ہیں۔ وزیر اعظم مودی ، آپ تشدد کو روکنے کے قابل کیوں نہیں ہیں؟ ”