الیکشن کمیشن نے خراب موسمی حالات کے مدنظراب 25 مئی کوانتخابات کرا نے کا فیصلہ کیا
سری نگر،30اپریل(یو این آئی)ٓ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگل کو اننت ناگ، راجوری پارلیمانی حلقے کے لئے پولنگ کی تاریخ میں تبدیلی کرکے 7مئی کے بجائے اب 25مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔بتادیں کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں وکشمیر کی کئی سیاسی پارٹیوں نے الیکشن کمیشن سے چناو کی تاریخ میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کی گئی نوٹیفکیشن کے مطابق جموں وکشمیر کی کئی سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں نے اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر 7مئی کو ہونے والے انتخابات کو موخرکرنے کی استدعا کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سیاسی پارٹیوں نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے مغل شاہراہ بند ہے جس وجہ سے امیدواروں کو اپنی چناوی مہم شروع کرنے میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔
ان کے مطابق کمیشن نے یوٹی انتظامیہ کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ۔الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ پارلیمانی نشست پر موجودہ زمینی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے بعد عوامی نمائندگی ایکٹ 1951کے سیکشن 56کے تحت اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقے میں انتخابات کی تاریخ میں نظرثانی کی گئی جس کے تحت اب اس حلقے میں 7مئی کے بجائے 25مئی کو انتخابات منعقد ہونگے۔بتادیں بھارتیہ جنتاپارٹی، اپنی پارٹی ، پیپلز کانفرنس ، پروگریسیو آزاد پارٹی اور چند آزاد امیدواروں نے الیکشن کمیشن کومکتوب لکھاکہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر سات مئی کو ہونے والے چناو کو موخرکیا جائے۔