تین سو سے زائد طلبہ وطالبات کی مختلف مقابلوں میںشرکت
نئی دہلی:’’کسی قوم کی ثقافت بنیادی طور پر اس کے مذہب کی تجسیم ہوتی ہے اس لیے اسلامی ثقافت کے تمام سرچشمے قرآن وسنت سے ہی رواں دواں ہیں۔ایک مسلمان ان ہی سرچشموں سے اپنی شخصیت کا ارتقا کرسکتا ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہارپروفیسر اقتدار محمد خان،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے بزم طلبہ کی جانب سے منعقددوروزہ سالانہ ثقافتی تقریب ’’انسپائرو ۲۰۲۳ء‘‘کی افتتاحی تقریب میں کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی بزم طلبہ اور اس کے تحت ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں کا بنیادی مقصدطلبہ وطالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا،ان میںمضبوط قیادت کا احساس بیدارکرنااور تمام اہل مذاہب وفرقوںکے افکار ونظریات اور آراء کو سننے کی قوت برداشت پیدا کرنا بھی ہے۔مجھے قوی امید ہے کہ ان تقریبات سے طلبہ و طالبات بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ڈاکٹر خورشید آفاق،مشیر بزم طلبہ نے پروگرام کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بزم طلبہ کے ذمہ داران عبدالسمیع،محمد ثاقب،ابراہیم خان،محمد شہنواز،انم خان اوران کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرام طلبا کے متنوع صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ضروری ہیں،انہیں فکر وفن کے تمام عصری میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو آزمانہ چاہیے ۔واضح رہے کہ بزم طلبہ کی جانب سے دودنوں تک چلنے والے اس پروگرام میں آج قرأت، نعت، بیت بازی،خطاطی اوربرجستہ تقریرکے مقابلے ہو رہے ہیں اور غزل سرائی،مضمون نگاری،خودساختہ شاعری،بحث و مباحثہ،بیسٹ یوز آف ویسٹ اورفوڈ فیسٹیول وغیرہ کے مقابلے کل کرائے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں مختلف شعبوں کے تین سو سے زائد طلبہ وطالبات نے حصہ لیا ہے۔
قرآت کے مقابلے میں پہلا انعام محمدعتیق،دوسراانعام عبدالرحمن اور تیسرانعام ابوحمزہ نے حاصل کیا۔ نعت میں پہلا انعام سہیل احمد ،عبدالرحمن،دوسرانعام حکیم مصباح،امن عثمان اورتیسرا انعام جویریہ عبداللہ نے حاصل کیا۔برجستہ تقریر میں پہلا انعام شیخ عظمیٰ، دوسرا انعام محمد نعمان،اور تیسرا انعام آفرین جاوید نے حاصل کیا۔ججزکے فرائض ڈاکٹر محمد مشتاق،ڈاکٹر محمد خالد خان،ڈاکٹر محمدعمر فاروق،ڈاکٹر شہنواز فیاض، ڈاکٹرانیس الرحمن،ڈاکٹر ندیم سحرعنبریں اورڈاکٹر جاوید اخترنے انجام دیے۔
اسی دوران وومن سیل ،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے مشیر ڈاکٹر محمد ارشدکی نگرانی میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے ’’جدید دنیا میں خواتین کو درپیش چیلنجز اورمختلف مذاہب کا ردعمل‘‘کے موضوع پر ڈبیٹ کا انعقاد کیا،جس میں بیس سے زائدطالبات نے حصہ لیا۔وومن سیل کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں اور مہمان خصوصی ڈاکٹر نجم السحر،اسسٹنٹ پروفیسر،شعبہ اسلامک اسٹڈیز،جامعہ ہمدرد نے بتایا کہ پہلا انعام فضیلہ بانو،دوسرا انعام شاہ عذرااور تیسرا انعام جویریہ عبداللہ نے حاصل کیا۔ ان تمام مقابلوں میںکام یاب ہونے والے طلبہ وطالبات کو سند اور ٹرافی سے نوازا جائے گا۔پروگرام کو کام یاب بنانے میں شعبہ کے جملہ اساتذہ کے علاوہ ابوحمزہ،سکینہ خلود،اقصیٰ حسین، ارسلان، مصباح خان،عاتکہ خانم،ساجدہ خاتون،درخشاں اورمنزہ جعفری وغیرہ کا اہم کردار رہا ۔