ممبئی:بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن پچھلے چھہ سالوں سے مختلف تعلیمی سرگرمیوں میں متحرک رول انجام ڈے رہی ہے جس کے تحت ملونی کی مختلف اسکولوں میں دینیات اور اسلامیات کی تعلیم و تدریس کا سلسلہ جاری ہے ۔بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے اہم مقاصد میں عصری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل رہے طلباء و طالبات کو دینیات اور اسلامیات کی یقینی تعلیم دینا اور والدین کو اپنی اولاد کے تئیں صحیح تعلیم و تربیت کی طرف بیدار کرنا ہے۔ آج بروز اتوار 5 مارچ 2023 کو بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن ممبئی کا کامیاب پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کا انعقاد آئیڈیل پارک، مالوني نمبر 6 میں ہوا ۔مفتی محمد اعظم کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔پھر بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن ممبئی کے ڈائریکٹر مولانا اختر الاسلام ندوی نے تعارف اور اب تک کی سرگرمیوں کی مفصل رپورٹ پیش کی۔اس اجلاس کی اہم گفتگو جناب سید حبیب الدین (کیریئر کونسلر، رکن ضلعی شورٰی، جماعت اسلامی ہند ممبئی) نے بعنوان "تربیت اولاد اور ہماری ذمے داری” پیش کیا ۔اپنی گفتگو میں انہوں نے عصر حاضر کے جدید چیلنجز، طلباء کا بدلتا برتاؤ اور ایسے میں اپنی جانب سے کیے جانے والے حکیمانہ اندازِ تربیت کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کروائی۔اسلامی تربیت کے خدوخال تدریجاً و ترتیب پر بھی شرکا کی رہنمائی کی۔
صدارتی خطاب "ڈاکٹر عظیم الدین "(ماہرِ تعلیم، سابق ڈین انٹیگرل یونیورسٹی لکھنؤ) نے پیش فرماتے ہوئے اسلام میں تصور علم، علمِ نافع کی اہمیت و افادیت، عصر حاضر میں دینیات و اسلامیات کی افادیت و ضرورت و ذرائع پر خطاب فرمایا۔صدارتی خطاب کے بعد تقسیمِ انعامات و اسناد کا سیشن رہا جس میں کامیاب ہونے والے اور امتیازی سرگرمیاں انجام دینے والے طلباء کو اسناد و انعامات سے نوازا گیا ۔ آخر میں شیخ انور (امیرِ مقامی،جماعت اسلامی ہند مالونی) نے تمام مہمانان ، سامعین کا شکریہ ادا کیا۔اختتام پر مولانا اختر الاسلام ندوی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔پورے پروگرام میں نظامت کے فرائض شارق قاضی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن ممبئی) نے بخوبی انجام دیے۔ پروگرام سے تقریباً 400 لوگوں نے استفادہ کیا.