پٹنہ: بہار میں 715 اسسٹنٹ اردو مترجمین کے درمیان تقرری نامہ تقسیم کیاگیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے علامتی طور پر محترمہ شانا، محمد فیروز عالم، محترمہ فاطمہ نوری، انو کماری، محمد معصوم عالم، محترمہ گلشن فردوس، محمد شاہد راسی، راج کمار آزادو دیگر کو تقرری کے خطوط پیش کئے۔ چیف منسٹر سکریٹریٹ میں واقع ’سمواد‘ کے پروگرام کے دوران موجود 50 معاون اردو مترجموں کو تقرری کے خطوط دیے گئے۔ ب
باقی کو اضلاع میں تقرری کے لیٹر دیے گئے۔ااس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ 715 معاون اردو مترجموں کو تقرری خط دیے گئے۔ ان میں سے 50 اسسٹنٹ اردو مترجم کو یہاں سے تقرری لیٹر دیے جا رہے ہیں اور باقی نوجوانوں کو تمام اضلاع میں تقرری لیٹر تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ تمام نو تعینات معاون اردو مترجمین کو مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ اردو مترجم اردو ڈائریکٹوریٹ کے تحت کام کرتے ہیں جو کیبنٹ سیکرٹریٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت آتا ہے۔ یہ کارکن ضلع، سب ڈویژن اور بلاک کی سطح پر دفاتر میں اردو پڑھنے لکھنے اور اردو زبان کی تبلیغ کے لیے کام کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سال 2005 سے پہلے اسسٹنٹ اردو مترجم کی صرف 449 آسامیاں تھیں جو ضرورت کے مطابق بہت کم تھیں۔ سال 2018 میں 1,204 نئی آسامیاں منظور کی گئیں اور اسسٹنٹ اردو مترجمین کی تعداد بڑھا کر 1,653 کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت 715 اسسٹنٹ اردو مترجمین کو تقرری نامےدیے جا رہے ہیں اور باقی آسامیاں پر کی جا رہی ہیں۔
نتیش کمار نے کہا کہ اب ہم نے اسسٹنٹ اردو مترجم کے عہدوں کو دو گنا بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے معاون اردو مترجمین کی تعداد 3,306 ہو جائے گی۔ جو کہ سال 2005 سے پہلے کے اسسٹنٹ اردو مترجمین کی تعداد سے 7 گنا زیادہ ہوں گے۔ ہم نے عہدیداروں کو خالی اور نئی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پروگرام کے انعقاد پر کیبنٹ سیکرٹریٹ ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں تمام نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ اردو مترجمین کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ہر کوئی اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے انجام دیں گے۔