جموں، 04جنوری(یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھر نے جمعرات کے روز کہاکہ دفعہ 370ایک ناسور بن چکا تھا جس کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اس قانون کی منسوخی سے شامیا پرساد مکھرجی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ان باتوں کا اظہار نائب صدر ہند نے کٹھوعہ میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 370 اور دہشت گردی کو ختم کرنا آسان نہیں تھا۔
نائب صدر ہند نے کہاکہ آرٹیکل 370وہ قانون تھا جس کو آئین میں عارضی کہا گیا لیکن یہ قانون ہمارے لئے ناسور بن چکا تھا جس کو موجودہ حکومت نے ختم کیا اور سپریم کورٹ نے بھی منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھا جس کے لئے وزیر اعظم مودی اور عدلیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید بتایا کہ دفعہ 370کے باعث ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا تھا لیکن اب یہ قانون ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے۔ان کے مطابق سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ قانون ختم ہوگا لیکن موجودہ حکومت نے جو کہا وہ کرکے بھی دکھایا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ آرٹیکل 370کی منسوخی سے شاما پرساد مکھرجی کا سپنا بھی پورا ہوا ہے ۔نائب صدر ہند کے مطابق شفاف اور احتساب اب مستقل حقیقت ہے، مرکز ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔جگدیپ دھنکھرکے مطابق مرکزکی جانب سے یہ سعی کی جارہی ہیں کہ جموں وکشمیر میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا :”آج یہاں کے لوگ امن کی پاسداری کر رہے ہیں ، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول بنایا گیا اور جو لوگ قانون کی خلاف ورز ی کر رہے تھے وہ اس کا خمیازہ بھی بھگت رہے ہیں۔ “انہوں نے مزید بتایا کہ آج کے دور میں جموں وکشمیر کے خواتین کو سبھی مراعات فراہم کی جارہی ہیں ۔نائب صدر ہند نے کہاکہ ترقی کے مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ اس ضمن میں حکوت کا ساتھ دینا چاہئے۔