واشنگٹن، 15 جولائی (یو این آئی) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قاتلانہ حملے مجھے شیڈول تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کرسکتے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پینسلوانیا میں ریلی کے دوران ہونے والے حملے کے بعد نئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے امریکیوں سے متحدہ رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملواکی میں ہونے والے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں لازمی شرکت کروں گا۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حملہ آور کی گاڑی اور گھر سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مشکوک حرکات پر سیکیورٹی نے میتھیو کی نشاندہی کرلی تھی میتھیو نے گاڑی جلسہ گاہ کے میدان سے دور پارک کی اور ایک عمارت کی چھت سے ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنایا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز جب ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ ہوئی وہ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی سے خطاب کر رہے تھے اس دوران گولی سابق صدر کے دائیں کان کے اوپری حصے کو چُھو کر گزری۔
ٹی وی چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کان زخمی ہوا ہے اور اس سے خون بہہ رہا ہے۔امریکی سیکرٹ سروس نے جاری بیان میں کہا تھا کہ مشتبہ شوٹر نے ریلی سے باہر کسی اونچے مقام سے سٹیج کی جانب متعدد فائر کیے۔سکیورٹی ایجنٹس نے حملہ آور کو گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔ حملہ آور کی فائرنگ سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔