اکتاؤ (یو این آئی) آذربائیجان ایئر لائن کا ایک مسافر طیارہ بدھ کو قازقستان کے شہر اکتاؤ میں پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرانے کے بعد حادثہ کا شکار ہوگیا۔طیارے میں 67 افراد سوار تھے۔این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے چیچنیا کے علاقے گروزنی کے لیے جا رہا تھا، لیکن دھند کے باعث اسے گروزنی سے تقریباً 100 میل مشرق میں واقع روسی شہر مخاچکالا کی طرف موڑ دیا گیا۔ قازقستان کی ہنگامی وزارت نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آذربائیجان ایئر لائن کا طیارہ جنوب مغربی قازقستان کے شہر اکتاو کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا۔ جہاز میں 62 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار تقریباً 28 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک نے قازق وزارت ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ مسافروں میں 37 آذربائیجانی شہری، 16 روسی، چھ قازق اور تین کرغیز شہری شامل تھے۔
آذربائیجان ایئر لائنز کے مطابق ایمبریئر 190 طیارے کو اکتاو شہر سے تقریباً 1.8 میل دور ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔آذربائیجان ایئر لائنز کے ایک بیان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔قازقستان کی ہنگامی وزارت نے کہا کہ جائے حادثہ پر آگ لگ گئی لیکن فائر فائٹرز نے کافی کوشش کے بعد اس پر قابو پالیا۔