نئی دہلی، 22 نومبر (یو این آئی) دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے وزیر اعلیٰ آتشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیشرو سے ہزار گنا بہتر ہیں۔
مسٹر سکسینہ نے جمعہ کو یہاں اندرا گاندھی دہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی برائے خواتین کےجلسہ تقسیم اسناد میں محترمہ آتشی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی سابق وزیر اعلیٰ سے ہزار گنا بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ دہلی کی وزیر اعلیٰ ایک خاتون ہیں۔ میں اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ اپنے سابق وزیر اعلیٰ سے ہزار گنا بہتر ہیں۔
انہوں نے طلباء سے کہا ’جیسے جیسے آپ آگے بڑھتے ہیں، آپ کے سامنے چار باتیں ہوتی ہیں۔ پہلی ذمہ داری اپنے تئیں، دوسری ذمہ داری اپنے والدین اور خاندان کے تئیں، جب کہ تیسری ذمہ داری معاشرے اور قوم کی تعمیر کے حوالے سے ہے، انہوں نے کہا کہ ’چوتھی ذمہ داری یہ ہے کہ اپنے آپ کو ایک خاتون کے طور پر ثابت کریں، جس نے صنفی امتیاز کی دیوار کو توڑا اور تمام شعبوں میں دوسروں کے برابر کھڑا ہوئیں۔
خیال رہے کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے جمعہ کو یہاں ایک پروگرام میں دہلی حکومت کے مختلف محکموں اور میونسپل باڈیز میں تعینات 702 نئے سرکاری ملازمین کو تقرری نامے تقسیم کئے۔مسٹر سکسینہ نے تمام نو تعینات ملازمین کو مبارکباد دی اور ان سے معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکری نہ صرف ذریعہ معاش ہے بلکہ قوم کی ترقی میں تعاون دینے کا موقع بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مستقل تقرریاں وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں ملازمین کی شفافیت اور ایماندارانہ کام کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سرکاری محکموں میں مستقل ملازمت ذمہ داری اور جوابدہی لاتی ہے، جو 2047 تک ’وکست بھارت‘ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اہم ہے۔
مسٹر سکسینہ نے کہا کہ کنٹریکٹ اور عارضی تقرریوں میں نوکری کی حفاظت کا فقدان ہوتا ہے، جس سے کام کے معیار پر منفی اثر پڑتا ہے۔ اس کے برعکس، مستقل ملازمت نہ صرف بھرتی کے عمل میں بے قاعدگیوں کو ختم کرتی ہے بلکہ خدمت کے اعلیٰ معیار کو بھی یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے سروس محکمے اور ڈی ایس ایس ایس بی کو 20,000 زیر التوا آسامیوں کو تیزی سے پر کرنے کے لیے بھرتی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔