ڈھاکہ (یو این آئی) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کی کوشش کرے گی، جو گزشتہ ماہ عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک سے فرار ہو گئی تھیں۔ملک کے مشیر قانون آصف نذر نے یہ اطلاع دی۔
بنگلہ دیش کے معروف میڈیا آؤٹ لیٹ ڈیلی اسٹار کے مطابق بین الاقوامی فوجداری ٹریبونل کے استغاثہ کو پہلے ہی بھرتی کیا جا چکا ہے اور حکام نے طلباء کے احتجاج کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے ملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے میں واضح پیش رفت کی ہے۔
مسٹر نذرل نے جمعرات کو کہا”جلد ہی، مقدمے کی کارروائی شروع ہو جائے گی اور پھر ہم ہندوستان سے سابق وزیر اعظم کی حوالگی کا مطالبہ کریں گے،”
قابل ذکر ہے کہ طلبہ کی پرتشدد بغاوت کی وجہ سے اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد محترمہ حسینہ 5 اگست کو استعفیٰ دے کر ہندوستان چلی گئیں۔ وہ، اپنی پچھلی حکومت کے کئی وزراء اور عوامی لیگ کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ، جولائی اگست کی بدامنی کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر قتل کے الزامات کا سامنا کر رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے بھی بنگلہ دیش میں یکم جولائی سے 15 اگست کے درمیان ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تمام معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک آپریشن شروع کیا ہے۔