لکھنؤ، 20 ستمبر (یواین آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی حکومت میں مجرموں کی بھاجپائزیشن ہوگئی ہے اور جرائم اور امن و امان پر زیرو ٹالرینس کا دعویٰ ناکام ہو گیا ہے۔مسٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں مجرموں نے ایک سادھو کا سرعام بے دردی سے قتل کر دیا۔ حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر ایودھیا کے رام مندر میں 16 سے 25 اگست کے درمیان کئی بار صفائی کارکن کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے کا الزام ہے۔ آستھا کے مقامات پر بھی عورتیں محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات اتر پردیش میں بے خوف گھومنے والے خوفناک گروہ کی حقیقت کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ ریاست میں آئے روز قتل و غارت ہو رہی ہے۔ جرائم پیشہ افراد میں انتظامیہ کا کوئی خوف نہیں۔ خواتین کے خلاف جرائم میں اتر پردیش ملک میں سرفہرست ہے۔ جب بی جے پی حکومت کے لوگ کہتے ہیں کہ مجرم ریاست سے بھاگ گئے ہیں تو وہ سچائی سے منہ موڑ رہے ہیں۔ دراصل، بی جے پی حکومت میں مجرم کہیں نہیں گئے، ان کا بھاجپائزیشن کیا گیا ہے۔ تمام غنڈوں اور مجرموں کو حکومت کا تحفظ حاصل ہے۔ حکومت ہر سطح پر امتیازی سلوک کرتی ہے۔
ایس پی صدر نے کہا کہ بی ایچ یو میں طالبہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے ملزمان کو بی جے پی حکومت کا کھلا تحفظ سب کے سامنے ہے، جیل سے ضمانت ملنے کے بعد ملزموں کا خیرمقدم کیا گیا۔بی جے پی حکومت میں ناپسندیدہ عناصر کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور بے گناہوں کو پھنسایا جاتا ہے۔ سزاؤں کا فیصلہ ذات اور مذہب کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔ حکمران جماعت سے وابستہ سماج دشمن عناصر کو استثنیٰ مل جاتا ہے اور اپوزیشن کے گھروں پر بلڈوزر چلتے دیر نہیں لگتی۔ یہی وجہ ہے کہ جرائم کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔