نئی دہلی (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کی لیڈر اور نئی دہلی سے رکن پارلیمنٹ بانسری سواراج نے منگل کو دہلی حکومت پر سخت حملہ کیا اور الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی حکومت نے دہلی کو 7000 کروڑ روپے کے خسارے میں لاکر کھڑا کردیا ہے۔محترمہ سواراج نے بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے اے اے پی سربراہ اروند کیجریوال پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا اور مہیلا سمان اور سنجیوانی اسکیموں کے ساتھ ہی ان کی روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کی حمایت کے لیے ان پر تنقید کی۔ اس دوران انہوں نے مسٹر کیجریوال سے دہلی بی جے پی کی طرف سے جاری چارج شیٹ پر جواب طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال دہلی میں نہ صرف انتخابی جملے بول رہے ہیں، بلکہ انتخابی فراڈ بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا، "آج ہم لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ساتھ میٹنگ کرکے آئے ہیں، جہاں دہلی سے ہیلتھ سکریٹری نے کھلے عام کہا ہے کہ سنجیوانی جیسی کوئی اسکیم دہلی میں ہے ہی نہیں۔ مہیلا سمان کے نام پر مسٹر کیجریوال کچھ ایسا ہی دھوکہ کررہے ہیں۔ سنجیوانی اور مہیلا سمان کے نام پر مسٹر کیجریوال اور ان کی پوری ٹیم بزرگوں اور خواتین کے نمبر اورذاتی معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔ اس لیے دہلی کے لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور اب مسٹر کیجریوال کے کسی بھی جھانسے میں آںے کی ضرورت نہیں ہے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت کی کئی عوامی فلاحی اسکیموں کو دہلی کی آپ حکومت سیاسی بددیانتی کی وجہ سے نافذ نہیں کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ بہت سی اسکیموں میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے پیچھے نہیں ہٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اگر کوئی صحت اسکیم لاگو ہے تو وہ صرف اب تک آیوشمان بھارت اسکیم ہے اور وہ دہلی میں لاگو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حوالے سے مسٹر کیجریوال نے 2100 روپئے دینے کا اعلان کیا ہے، وہ صرف ایک دھوکہ ہے کیونکہ انہوں نے جو کابینہ نوٹ پاس کیا ہے وہ صرف 1000 روپئے کا ہے، جس کا اعلان دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے مارچ میں لوک سبھا انتخابات کے وقت کردیا تھا۔
محترمہ بانسری نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے مسٹر کیجریوال نے دہلی کی جمنا کی حالت بدتر کر دی ہے۔ انہوں نے فضائی آلودگی کے حوالے سے مرکزی حکومت سے پیسے لیے، لیکن دہلی کے لوگوں کو صاف ہوا تک نہیں دے سکے۔ بجلی، پانی، ڈرینیج، سیوریج، صحت، یہ سب دہلی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہیں اور آج دہلی کی کیا حالت ہے، یہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ "اے اے پی” حکومت نے دہلی کو 7000 کروڑ روپے کے خسارے میں لاکر کھڑا کردیا ہے، اس لیے اب دہلی کے لوگ تبدیلی کے موڈ میں ہیں۔