کلکتہ 23جولائی (یواین آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 23 جولائی کو مرکزی بجٹ 2024-25 کو ’’سیاسی طور پر متعصب اور غریب مخالف‘‘قرار دیا اور ریاست کو محروم کرنے پر مرکزی حکومت کی سخت تنقید کی۔ وزیر اعلیٰ نے حیرت کا اظہار کیا کہ مغربی بنگال نے کیا غلط کیا ہے کہ اسے مرکز نے ’’محروم‘‘ کر دیا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں بنگال کو مکمل طور پر محروم کر دیا گیا ہے۔ یہ غریبوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ بجٹ سیاسی طور پر متعصب ہے۔ یہ بے سمت ہے اور اس کا کوئی وژن نہیں ہے۔ یہ صرف ایک سیاسی مشن کی خدمت کرنا ہے، اس نے ریاستی اسمبلی کے احاطے میں نامہ نگاروں کو بتایا۔
مرکزی بجٹ میں بنگال کے لیے کچھ خاص نظر نہیں آیا۔ پوروودیا پلان پر بات کرتے ہوئے بجٹ میں ایک مرتبہ بنگال کا ذکر آیا۔اور ایک مرتبہ گوا کی ترقی کی بات کرتے ہوئے امرتسر-کوکتہ تجارتی راہداری کا ذکر آیا۔ پورے بجٹ میں بنگال کے لیے کو اسکیم کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ چند روز قبل سکم میں شدید بارشوں کی وجہ سے ہونے والی تباہی نے بنگال کو بھی متاثر کیا۔ شمالی اضلاع میں بہت سے لوگ متاثر ہوئے۔ اس سال کے بجٹ میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکم کے لیے مختص رقم کا ذکر ہے۔ بجٹ میں بہار، آسام، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ کے لیے بھی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ لیکن اس معاملے میں بھی بنگال کو سیلاب سے متاثرہ شمالی اضلاع کے لیے مددکا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس نے مرکزی بجٹ کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت بنگال کو نظرانداز کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ترنمول کے ترجمان ساکیت گوکھلے نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختص رقم سے بنگال کو خارج کرنے کا سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے برے نتائج کا بدلہ لینے کے لیے بنگال میں ریاست کو ’’محروم‘‘ کیا گیا ہے۔
ترنمول آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے X ہینڈل پر لکھاہے کہ یہ ایک ناکام بجٹ ایک ناکام حکومت کے ناکام وزیر خزانہ کی طرف سے پیش کیا گیا ہے ۔ اس بجٹ میں کوئی ضمانت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھاہے کہ بی جے پی نے یہ بجٹ اتحادی شراکت داروں کو رشوت دینے کے لیے بنایا ہے۔ترنمول کانگریس کے لیڈر کنال گھوش نے بھی X ہینڈل پر لکھاہے کہ یہ مرکزی بجٹ نہیں ہے۔ یہ آندھرا اور بہار کو سیٹیں برقرار رکھنے کے لیے آگے بڑھانے کا بجٹ ہے۔ بنگال کو پھر سے محروم کردیا گیا ہے۔تاہم بنگال بی جے پی ترنمول کی محرومی کے اس نظریے کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان ترونجیوتی تیواری نے کہاکہ کنال گھوش، پہلے ریاست کے بارے میں سوچیں۔ اس کے بعد ملک کے بارے میں سوچیں۔ انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں کو ریاستی بجٹ میں محکمہ اقلیتی ترقی اور مدارس کے لیے مختص فنڈز نہیں ملے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سال کے بجٹ میں بہار اور آندھرا کو بڑا فائدہ ہونے کا امکان پہلے ہی تھا۔ ایک دہائی کے بعد مرکز میں بی جے پی حکومت کا انحصار حلیف جماعتوں پر ہے۔نتیش کمار کی جے ڈی یو اور چندرا بابو نائیڈو کی ٹی ڈی پی کی شراکت ضروری ہے۔ آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی امراوتی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے15,000کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بہار کے لیے بھی نئے ہوائی اڈوں، نئے پاور جنریشن پلانٹس، میڈیکل کالجوں اور مزید بہت سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے بہار کو مختص کیا گیا ہے۔ پٹنہ-پورنیہ ایکسپریس وے، بکسر- بھاگلپور ہائی وے، بودھ گیا-راجگیر ویشالی-دربھنگہ سڑکوں پر 26 ہزار کروڑ روپے خرچ کرکے ترقی کا یقین دلایا گیا ہے۔ گنگا پر دو لین والا پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔