ہنگولی (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں ہفتہ کو پارٹی کے 7 ہزار کارکنوں نے کولہا پوری میلہ کشتی میں حصہ لیا۔ مہاراشٹر مرحلے کے چھٹے دن آج صبح چھ بجے یاترا کلامنوری تعلقہ کے شیولا گاؤں میں دوبارہ شروع ہوئی۔ یاترا کل شام ناندیڑ سے ہنگولی میں داخل ہوئی تھی۔ قومی آواز ڈاٹ کام کی اطلاع کے مطابق یاترا صبح تقریباً 10 بجے آرتی گاؤں پہنچ گئی اور وہیں قیام کیا۔ کولہاپور کے 7 کانگریس کارکنوں نے سابق وزیر ستیج (بنٹی) پاٹل کی قیادت میں کولہاپوری پگڑیاں پہن کر پیدل یاترا میں حصہ لیا اور یاترا کے دوران کشتی میں بھی زور آزمائی کی۔
پیدل یاترا کے وقفہ کے بعد کلامنوری کے پاردی موڈ بس اسٹینڈ سے شام 4 بجے شروع ہوگی اور شام 7 بجے ضلع پریشد ہائی اسکول پہنچے گی اور کلامنوری کے آنجہانی شنکر راؤ ساتو آرٹس اینڈ کامرس کالج میں رات کے قیام کے لیے ٹھہرے گی۔
دریں اثنا، کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا گیا ’’ان لہراتے ترنگوں کے ساتھ ملک جڑتا جا رہا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کا یہ سفر یادگار بن رہا ہے، مختلف ریاستوں کی ثقافتوں کا سنگم بن کر ملک کو جوڑتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘ ایک اور ٹوئٹر میں پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت جوڑو یاترا کو غیر معمولی حمایت حاصل ہونے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے اور اس میں شدت آ رہی ہے۔