سری نگر (یو این آئی) پی ڈی پی نے پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی ساتویں برسی کے موقعے پر ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ میں واقع ان کے مزار پر جمع ہو کر اپنے لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے نہ صرف جموں و کشمیر کے آئین کو ختم کیا بلکہ ملک کے آئین پر بھی بلڈوزر چلایا۔انہوں نے وہاں موجود پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’مفتی محمد سعید ایک دور اندیش لیڈر تھے ان کا ایک وژن تھا، وہ جموں وکشمیر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک پل بنانا چاہتے تھے تاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کےدرد کو دور کیا جا سکے‘۔ان کا کہنا تھا: ’جموں وکشمیر جنگ کا ایک اکھاڑہ بن گیا ہے تیس برسوں سے یہاں خون خرابہ چل رہا ہے وہ اس کو بند کرانا چاہتے تھے‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ مفتی سعید نے سیکولر انڈیا کے سات ہاتھ ملایا تھا ان کا ماننا تھا کہ ہمارا یہاں ایک الگ آئین ہے ایک الگ جھنڈا ہے لیکن موجودہ جماعت نے نہ صرف ہمارے آئین کو ختم کیا بلکہ انہوں نے ملک کے آئین پر بھی بلڈوزر چلایا۔
انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی بنایا گیا ہے اگر بی جے پی کہتی ہے کہ جموں وکشمیر میں حالات ٹھیک ہوئے ہیں تو فوج کو واپس بارکوں میں بھیجا جانا چاہئے اور افسپا کو ہٹایا جانا چاہئے لیکن اس کے برعکس یہاں مزید فوج بلائی جا رہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’‘ہندوستان آج گوڈسے کا ہندوستان بن گیا ہے یہ گاندھی جی، پنڈت نہرو اور مولانا آزاد کا ہندوستان نہیں ہے‘۔سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ورکروں کی طرف مخاطب ہو کر کہا: ’میں شکر گذار ہوں اپنے لیڈروں اور ورکروں کی جنہوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا اور آج ہمارے ورکروں کو ہمت نہیں ہارنی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اپنے لوگوں سے جنگ نہیں لڑ سکتا ہے اگر ایسا ہوتا تو امریکہ ویت نام سے کبھی نہیں نکلتا اور نہ ہی بنگلہ دیش کبھی پاکستان سے الگ ہوتا۔