نئی دہلی (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر دہلی میں روہنگیا کو آباد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے، عام آدمی پارٹی (آپ) نے اتوار کو کہا کہ جیسے جیسے دہلی اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں، بی جے پی پھر سے اپنی گندی سیاست پر اتر آئی ہے۔آپ کے سینئر لیڈر منیش سسودیا نے ایکس پر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر ہردیپ پوری کا ایک پرانا ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے کہا’’ہردیپ پوری کا ٹویٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہلی میں روہنگیا کو لانے اور بسانے کی سازش بی جے پی نے خود رچی ہے۔ انہی لوگوں نے انہیں ای ڈبلیو ایس فلیٹ، سیکورٹی اور تمام سہولیات دے کر یہاں آباد کیا۔ سامنے سے نفرت پھیلاؤ اور روہنگیا کو پیچھے سے آباد کرو، یہ بی جے پی کی گندی اور دھوکہ دہی کی سیاست ہے۔ دہلی والوں کو گمراہ کرنا بند کرو! تمہاری دوہری چالیں اب کام نہیں چلیں گی۔‘‘
دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا ’’بی جے پی والوں کو اروند کیجریوال پر جھوٹے الزامات لگانے کی اتنی جلدی تھی کہ انہیں یاد ہی نہیں رہا کہ روہنگیاؤں کو دہلی کون لایا، کس نے کہاں بسایا! لیکن سچ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ہمیشہ سامنے آتا ہے اور آج ہردیپ پوری کے اس ٹویٹ سے دہلی کے لوگوں کے سامنے سچائی آ گئی ہے۔
آپ کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے کہا “ہردیپ پوری کا ٹویٹ پڑھئے۔ آپ کو معلوم ہوگا کہ روہنگیا کو دہلی کون لایا، کس نے اور کہاں بسایا؟کابینی وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا “وزیراعظم کے پسندیدہ مرکزی وزیر ہردیپ پوری کا یہ بیان پڑھئے۔ روہنگیا دراندازوں کی سب سے زیادہ فکر مودی حکومت کو ہے۔ اب آپ کو پتہ چل گیا ہوگا کہ روہنگیا کو دہلی کون لایا، کس نے اور کہاں بسایا۔‘‘
واضح رہے کہ آپ لیڈروں نے اگست 2022 کا مسٹر پوری کا ایک ٹویٹ شیئر کرکے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ اس ٹویٹ میں کہا گیا ہے ہندوستان نے ہمیشہ ان لوگوں کا خیرمقدم کیا ہے جنہوں نے ملک میں پناہ مانگی ہے۔ ایک اہم فیصلے میں تمام روہنگیا پناہ گزینوں کو دہلی کے بکر والا علاقے میں ای ڈبلیو ایس فلیٹس میں منتقل کیا جائے گا۔ انہیں بنیادی سہولیات، یو این ایچ سی آر آئی ڈی اور 24 گھنٹے دہلی پولیس کی سیکورٹی دی جائے گی۔